کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان بخاری میں تشدد کے شکار بہن بھائی اور فیملی کو صلح پر مجبور کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ خاندان نے فلیٹ سے سامان دوسری جگہ منتقل کردیا ہے جبکہ ڈی آئی جی ساؤتھ نے فریقین کواپنے دفتر طلب کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تشدد کی ویڈیو کا فارنزک کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے اور ویڈیو میں نظر آنے والے پولیس اہلکار بھی تھانے طلب کرلیے گئے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ تشدد کرنے والی خاتون ہاتھوں میں ڈمبل لیے باوردی پولیس اہلکاروں کے ساتھ سیڑھیوں سے اتری اور فلیٹ کے باہر کھڑی خاتون پر ڈمبل مارتی رہی۔
مزاحمت پر پولیس اہلکار تشدد کا نشانہ بننے والوں کو ہی روکتے رہے۔ سادہ لباس میں موجود ایک شخص نے پولیس اہلکار سے سرکاری بندوق لے کر سی سی ٹی وی کیمرا بھی توڑ دیا۔
تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون نے الزام لگایا کہ وہ اپنی والدہ اور بھائی کے ساتھ رہتی ہیں۔ بااثر خاتون نے نا صرف مار پیٹ کی بلکہ دونوں بہن بھائیوں کو گرفتار کروا کے مقدمہ درج کرادیا تاہم دونوں بہن بھائیوں نے چند روز میں ضمانت حاصل کرلی تھی۔