ایک ڈیزائنر نے ایسی شرٹ تیار کی ہے جس سے متعلق دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسے پہننے والے افراد کو چہرہ شناخت کرنے والی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی نظروں سے اوجھل کیا جا سکتا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیزائنر سائمن ویکرٹ نے اس منفرد شرٹ کو دنیا بھر میں اے آئی سے لیس ویڈیو نگرانی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ردِعمل کے طور پر تیار کیا ہے۔
ڈیجیٹل کیموفلاج نامی یہ شرٹ اپنے خاص رنگوں اور تجریدی نقش و نگار کی بدولت اے آئی پر مبنی آبجیکٹ ڈیٹیکشن سسٹمز کو مبینہ طور پر الجھا دیتی ہے جس کے نتیجے میں سسٹمز شرٹ پہننے والے شخص کو انسان کے طور پر شناخت کرنے میں ناکام ہو سکتےہیں۔
ویکرٹ کے مطابق اے آئی سسٹمز نے دراصل یہ نہیں سیکھا کہ انسان کیا ہوتا ہے بلکہ انہوں نے لاکھوں تربیتی تصاویر کی مدد سے یہ سیکھا ہے کہ انسان عام طور پر شماریاتی اعتبار سے کیسا دکھائی دیتا ہے۔
ویکرٹ نے واضح الفاظ میں وضاحت دی کہ ڈیجیٹل کیموفلاج پولیس سے بچ نکلنے کا کوئی ذریعہ نہیں اور نہ ہی یہ گمنامی کی ضمانت دیتا ہے۔