loader-image
Karachi, PK
temperature icon 30°C
14-Oct-2026
2-Jumada al-Awwal-1448
☰
×
loader-image
Karachi, PK
temperature icon 30°C
14-Oct-2026
2-Jumada al-Awwal-1448

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان اوران کی اہلیہ  بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں نہ رکھنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی قید تنہائی سے متعلق درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے نصرت بھٹو کیس اور بیگم شمیم آفریدی کے فیصلوں کے مطابق درخواستیں قابل سماعت قرار دیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے میں حکم دیا کہ  بانی پی ٹی آئی کو روزانہ  اخبارات اور کتابیں فراہم کریں۔ جیل رولز کے مطابق طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ یقینی بنائیں کہ بشری بی بی کو بھی قید تنہائی میں نہ رکھا جائے۔

فیصلے میں حکم دیا گیا کہ جیل قوانین کے مطابق بانی کی فیملی سے ملاقات کروائی جائے جبکہ بانی کی بیٹوں سے ٹیلی فونک گفتگو بھی کروائی جائے۔ بانی کی بیٹوں سے گفتگو کی آڈیوز سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر یہ سہولت واپس لے لی جائے۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل 15 دن میں عمل درآمد رپورٹ جمع کروائیں۔

عدالت نے کہا کہ درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹائی جاتی ہے لہٰذا سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عدالتی ہدایات پر عمل یقینی بنائیں۔ جیل حکام کو بشریٰ بی بی کی بانی سے ملاقات کی ہدایت بھی کی گئی۔ علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی جبکہ مبشرہ خاور مانیکا نے بشریٰ بی بی کی قید تنہائی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔ جیل سپرنٹنڈنٹ نے قید تنہائی کی تردید کرکے عدالت میں اپنا جواب جمع کروایا تھا۔

تبصرہ کریں۔اور شئیر کریں