پاکستان نے اڈہ سراج نارووال مندر کے حوالے سے بھارتی الزامات کو دوٹوک انداز میں مسترد کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اڈہ سراج نارووال میں ہندو مندر سے متعلق بھارتی الزامات اور بھارتی وزارت خارجہ کے دعوے جھوٹے اور سیاسی محرکات پر مبنی ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اڈہ سراج مندر کی عمارت 21 جولائی کو موسلادھار بارشوں کے باعث متاثر ہوئی۔ مقامی حکام نے بارش سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لے کر مندر کی بحالی کے اقدامات شروع کردیے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کا حقائق مسخ کرنا اور سستی سیاسی چالوں کا سہارا لینا شرمناک ہے۔ بھارت کی حقائق مسخ کرنے کی کوششیں اقلیتوں پر ظلم کے بدترین ریکارڈ سے توجہ نہیں ہٹا سکتیں۔ بھارت میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر ریاستی سرپرستی میں حملوں سے دنیا بخوبی آگاہ ہے جہاں ہندوتوا نظریے کو اقلیتوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی قیادت کو مسلمان، سکھ اور مسیحی برادری کے خلاف مظالم پر ذمہ دار اور جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔