ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر کے ڈیلیوری کاؤنٹرز ہفتے کوبھی کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت شہری ہفتے کے روز بھی اپنے تیار شدہ پاسپورٹس وصول کرسکیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ ڈیلیوری کاؤنٹرز ہفتہ کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک کھلے رہیں گے تاکہ شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول میں مزید سہولت فراہم کی جاسکے۔ ہفتہ وار پاسپورٹ ڈیلیوری کی یہ خصوصی سہولت ابتدائی طور پر دو ماہ تک جاری رہے گی۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق ایسے پاسپورٹس جو 6 ماہ سے زائد عرصے تک متعلقہ دفاتر سے وصول نہیں کیے گئے انہیں حکومتی پالیسی کے مطابق تلف کردیا جائے گا۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے تیار شدہ پاسپورٹس بروقت متعلقہ پاسپورٹ دفاتر سے وصول کرلیں تاکہ کسی بھی دشواری سے بچا جاسکے۔