بالی ووڈ کی اداکارہ تاپسی پنو نے کہا ہے کہ مین اسٹریم اور کمرشل فلموں میں اداکاراؤں کو کردار ان کی صلاحیت کے بجائے مارکیٹ ویلیو، مقبولیت، روابط اور انڈسٹری میں اثر و رسوخ کی بنیاد پرملتا ہے۔
تاپسی پنو نے ایک انٹرویو میں کہا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’ڈنکی‘ میں کام کرنے کے باوجود مین اسٹریم فلموں میں کام کرنے کے زیادہ مواقع نہیں ملے۔ فلموں میں کردار حاصل کرنے کے لیے صرف ٹیلنٹ کافی نہیں ہوتا۔ تمام اداکار کسی نہ کسی حد تک ایک دوسرے کے متبادل ہو سکتے ہیں اور ایک ہی کردار کو مختلف فنکار اپنے انداز میں ادا کرسکتے ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ہ نام نہاد مین اسٹریم اور کمرشل فلموں میں خواتین کے کردار اکثر اتنے اہم نہیں ہوتے کہ انہیں کسی ایک مخصوص اداکارہ سے جوڑا جائے۔ ایسے کردار ادا کرنے کے لیے کسی بھی اداکارہ کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ ان کرداروں کے حصول کی بنیاد آپ کا ٹیلنٹ نہیں بلکہ آپ کی مارکیٹ، سیل ایبلٹی، روابط، مقبولیت، موجودگی اور اثر و رسوخ ہے۔ یہ تمام عوامل ایک اداکار کے ٹیلنٹ سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔
تاپسی پنو نے کہا کہ ان عوامل کے معاملے میں وہ خود کو دیگر اداکاراؤں کے مقابلے میں پیچھے سمجھتی ہیں۔ ان کے پاس فلم حاصل کرنے کی واحد بنیاد ان کا ٹیلنٹ ہے۔ تاپسی پنو کی حالیہ فلم ’گندھاری‘ ہے جس کی کہانی ایک ماں کے گرد گھومتی ہے جو اپنی اغوا شدہ بیٹی کو تلاش کرکے اسے بچانے کے لیے ہر حد سے گزر جاتی ہے۔