ویمنز ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو72 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ویمنز ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پاکستانی بولر نشرا سندھو نے 7 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
میچ میں قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے اور ہانگ کانگ کو جیت کے لیے 144 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے شوال ذوالفقار 47 جبکہ عائشہ ظفر 26 رنز کیساتھ نمایاں رہیں جبکہ ہانگ کانگ کی جانب سے جولین کور نے 4 جبکہ اقرا سحر اور کیری چن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہانگ کانگ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 19 اوورز میں 71 رنز بنا سکی۔ کیری چن 30 یاسمین 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے نشرا سندھو نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل قومی ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان کو ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے سری لنکا کو شکست دینا ہوگی۔