امریکا نے ایران کے خام تیل لے جانے والے 5 بحری جہازوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فورسز نے ایران کے خام تیل لے جانے والے 5 بحری جہاز تباہ کردیے۔ سینٹکام کا کہنا ہے کہ ایرانی آئل ٹینکرز کے خلاف کارروائی پاسداران انقلاب کی جانب سے دو روز کے دوران امریکی جنگی بحری جہاز کو دو مرتبہ بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کے بعد کی گئی۔
امریکی کمانڈ کے مطابق امریکی جنگی بحری جہاز نے ایرانی میزائل حملوں کی کوششوں کو کامیابی سے ناکام بنایا اور واقعے میں کسی امریکی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔
دوسری جانب ایران نے امریکی فورسز کی جانب سے 5 ایرانی آئل ٹینکرز کو نشانہ بنانے کے دعوے کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد میزائل داغنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی میزائلوں سے امریکی بحریہ کے 2 ڈسٹرائرز کو نشانہ بنایا گیا جبکہ اردن میں امریکی ایف 35 اور ایف 15 طیاروں کے ہینگرز بھی حملوں کی زد میں آئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے امریکا کے آئل ٹینکرز پر حملے بعد اردن کے الازرق میں واقع امریکی فوجی اڈے کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے
اردنی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے مجموعی طور پر 20 میزائل داغے گئے جن میں سے 18 کو راستے میں روک لیا گیا جبکہ 2 میزائل آبادی سے باہر جا کر گرے۔