پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے ملائیشیا کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کرچین میں کھیلے جا رہے مینز جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ۔
مینز جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے پول بی کی مظبوط ٹیم پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کھیلے گئے میچ کے 9ویں منٹ میں ملائیشیا کے محمد صالحی نے گول کر کے برتری دلائی جو ہاف ٹائم تک برقرار رہی۔میچ کے دو کوارٹر تک گول نہ کرنے والی پاکستان ٹیم نے تیسرے کورٹر میں کم بیک کیا اور اوپر نیچے چار گول داغ دیے۔
پاکستان کی جانب سے گول کرنے کا سلسلہ 32ویں منٹ میں شروع ہوا جب ندیم خان نے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد 36ویں منٹ میں عبداللہ سمیع رانا نے گول کر کے پاکستان کو 1-2 کی برتری دلائی۔
پاکستان کے ولید رانا نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 39ویں اور 40ویں منٹ میں بیک ٹو بیک دو خوبصورت گول داغ کر میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط کر دی۔کھیل کے 41ویں منٹ میں علی حمزہ نے پانچواں گول کر کے اسکور 1-5 کر دیا۔میچ کے 54ویں منٹ میں ملائیشیا کے گناسیلن دھیرش نے اپنی ٹیم کا دوسرا گول اسکور کیا لیکن پاکستان نے میچ کے اختتام تک اپنی برتری برقرار رکھی اور 2-5 سے فتح اپنے نام کی۔