امریکا نے زمین کے مدار میں پہلی بار خلائی ہتھیارتعینات کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق امریکا نے تصدیق کی ہے کہ اس نے زمین کے مدار میں ایک خلائی ہتھیار تعینات کیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ واشنگٹن نے ایسی جارحانہ خلائی صلاحیت کے وجود کا باضابطہ اعتراف کیا ہے۔
امریکی فضائیہ کے سیکریٹری ٹرائے مینک نے کہا ہے کہ مدار میں موجود یہ ہتھیار امریکی افواج کو دشمن کی ممکنہ جارحانہ کارروائیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے۔
ایئر، اسپیس اینڈ سائبر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرائے مینک کا کہنا تھا کہ امریکا بدلتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے زمین کے مدار میں تعینات اس نئے ہتھیار کی صلاحیتوں یا اسے کب مدار میں تعینات کیا بھیجا گیا اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
امریکی فوج کے اعلیٰ حکام ماضی میں بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ خلا میں اپنی فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا موقف رہا ہے کہ روس اور چین مستقبل کے کسی ممکنہ تنازع میں امریکی سیٹلائٹس کو نشانہ بنانے اور ان کے کام میں خلل ڈالنے کی صلاحیتیں حاصل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔