چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔ شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ انہیں خیبر پختونخوا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل کو صوبے میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامات اور تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے ان کی ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے فارمیشنز کو مسلسل چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
آرمی چیف نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ فیلڈ مارشل نے مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔