عالمی شہرت یافتہ یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے افریقی ملک گھانا میں بچوں کو غیر قانونی مزدوری سے بچانے کےلیے پورا گاؤں تعمیر کردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جمی ڈونلڈسن المعروف مسٹر بیسٹ نے گھانا میں ’ابنا ڈکوا ولیج‘ کے نام سے ایک کروڑ ڈالرکی لاگت سے بستی تیار کی ہے جس کا مقصد کوکوا کی غیر قانونی صنعت میں مزدوری کرنے والے بچوں کو اس ماحول سے نکال کر دوبارہ اسکول پہنچانا ہے۔ یوٹیوبر کے مطابق یہ اب تک کا ان کا سب سے بڑا انسانی خدمت کا منصوبہ ہے۔
اس منصوبے کی تیاری میں تقریباً ایک سال منصوبہ بندی اور آٹھ ماہ تعمیر میں لگے۔ مسٹر بیسٹ نے نئی یوٹیوب ویڈیو میں منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے انسٹاگرام پر لکھا کہ انہوں نے بچوں کو غیر قانونی مشقت سے نکالنے میں مدد کے لیے ایک ’حقیقی شہر‘ تعمیر کیا ہے اور انہیں اس منصوبے کے ممکنہ اثرات پر فخر ہے۔
ابنا ڈکوا ولیج میں 300 سے زیادہ بچوں کے لیے اسکول بنایا گیا ہے، جبکہ اساتذہ کے لیے 10 گھر بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ بستی میں طبی مرکز، مارکیٹ، لائبریری، صاف پانی کی سہولت اور تفریحی مقامات بھی شامل ہیں، یعنی بچوں کے لیے صرف اسکول نہیں بلکہ ایک مکمل رہائشی ماحول تیار کیا گیا ہے۔