ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ جنگ جاری رکھنا نہیں چاہتا۔ تنازع ختم کرنے کا فیصلہ امریکا کو کرنا ہوگا۔
امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ اگرمذاکرات کے اختلافات حل کیے جاسکتے ہیں تو ایک دوسرے کو قتل کرنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔ ایران جنگ کا خواہاں نہیں تھا تاہم اسرائیل کی کارروائیوں اور اشتعال انگیزی کے نتیجے میں یہ جنگ ایران پر مسلط ہوئی۔
ایرانی صدر نے واضح کیا کہ ہم جنگ جاری نہیں رکھنا چاہتے تاہم یہ فیصلہ امریکا کوکرنا ہوگا کہ وہ اسے ختم کرنا چاہتا ہے یا نہیں۔ تہران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے تیار ہے۔
پزشکیان نے گزشتہ معاہدے کے چند ہی عرصے بعد جنگ دوبارہ شروع ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر دونوں فریق کسی معاہدے تک پہنچ چکے تھے تو تقریباً دو ہفتے بعد اسے کیوں ختم کردیا گیا۔ اگر موجودہ امریکی حکومت بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے معاہدہ کرنا چاہتی ہے تو ایران اس کے لیے تیار ہے۔