پاکستان کی سینئر اداکارہ میرا نے لندن جانے کے لیے برطانوی سفارتخانے سے ویزا جاری کرنے کی درخواست کردی۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں اداکار میرا نے کہا کہ میں اس وقت نیویارک میں موجود ہوں۔ میری بہن شائستہ عباس لندن میں ہے اور اسے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔ کینسر کی آخری اسٹیج ہے اور اس کی حالت کافی سیریس ہے۔ میری والدہ اور بھائی بھی لندن میں بہن کے پاس موجود ہیں۔ برطانوی سفارت خانے سے درخواست ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ویزا جاری کیا جائے۔
میرا کے برطانیہ میں داخلے پر 10 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔ اس حوالے سے میرا کی بہن شائستہ عباس نے کہا تھا کہ میرا نے ویزا درخواست فارم میں غلط انگریزی لکھ دی تھی جس کی وجہ سے ان پر 10 برس کی پابندی لگی تھی جو اب مکمل ہوچکی ہے، میرا کی غلطی بہت معمولی سی تھی لیکن برطانوی حکومت نے اسے بہت سنجیدگی سے لے لیا تھا۔