ایران نے آبنائے ہرمز میں زیرآب امریکی ڈرون پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ایران کے پاسداران انقلاب نے زیرآب جدید امریکی ڈرون قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے تاہم امریکی فوج نے اس دعوے کو مسترد کردیا۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق ایرانی بحریہ نے ایک انٹیلیجنس آپریشن کے دوران امریکی بغیر پائلٹ زیرِ آب گاڑی یو ایس ریموس 600 کو اپنے قبضے میں لیا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا ایرانی ماہرین جائزہ لیں گے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایرانی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوج اپنے تمام آپریشنل ڈرون اثاثوں پر مکمل کنٹرول رکھتی ہے۔ سینٹکام کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے ایرانی دعوے کو بوکھلاہٹ پر مبنی قرار دیا۔
آبنائے ہرمز میں مبینہ زیرِ آب ڈرون کے معاملے پر تہران اور واشنگٹن کے درمیان نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور آزادانہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آسکی۔