امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے منجمد اثاثے بحال کرنے اور تہران پر عائد پابندیاں ختم کرنے سے متعلق کوئی پیشکش نہیں کی گئی ہے۔
امریکی میڈیا پرگردش کرنے والی ایران کو پیشکش کے حوالے سے خبر کی تردید کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے نیوز ویب سائٹ ایگزیوس سے مبینہ غلط خبر ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پرجاری بیان میں کہا کہ میں نے ایران کوکوئی بھی پیشکش نہیں کی۔ ایگزیوس کی اسٹوری افواہ ہے اور ٹرمپ سے متعلق دیوانگی سے زیادہ نہیں۔انہیں یہ جھوٹی خبر فوری طور پر ہٹانی چاہیے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے خبر دی تھی کہ ایران کی جانب سے نیوکلیئر پروگرام پر ٹھوس اقدامات کی صورت میں صدر ٹرمپ تہران کو پابندیوں میں ریلیف دینے اور منجمد اثاثے جاری کرنے پر آمادہ ہیں۔
دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز میں 2 چھوٹے بحری جہاز قبضے میں لیکر 50 افراد گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز میں جزیرہ قشم اور میناب کے ساحلی پانیوں سے 2 چھوٹے بحری جہاز قبضے میں لے کر 50 افراد کو گرفتار کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ افراد کو ایرانی قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا۔ رپورٹ میں بحری جہازوں کی نوعیت، گرفتار افراد کی قومیت یا کارروائی کے وقت سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔