ہالی ووڈ کے معروف ایکشن اسٹار جیکی چن کی موت سے متعلق جعلی خبر سوشل میڈیا پروائرل ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر جیکی چن کی ایک بلیک اینڈ وائٹ تصویر گردش کر رہی ہے جس پر ان کے نام کے ساتھ 1954-2026 درج ہے، جعلی تصویر سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ 72 سالہ اداکار چل بسے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جعلی خبر کے ساتھ شیئر کی جانے والی ایک پوسٹ کو صرف 5 گھنٹوں میں 38 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ جیکی چن کی موت سے متعلق جعلی خبر سامنے آئی ہو۔ سال 2011 میں جیکی چن کے دل کے دورے سے انتقال کی افواہیں سامنے آئی تھیں جس کی تردید ان کی ٹیم کی جانب سے کی گئی تھی۔
جیکی چن اب بھی شوبز سے وابستہ ہیں اور حالیہ مہینوں میں مختلف عوامی تقریبات میں شرکت کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے
رواں سال کانز فلم فیسٹیول میں بھی شرکت کی جہاں حاضرین کی جانب سے سنیما میں ان کی خدمات کو کھڑے ہو کر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔