آج صبح گوادر کے مقامی ماہر گیر امیر داد کو بالکل نہیں معلوم تھا کہ جب وہ کھلے سمندر میں پہنچے گا تو اسے قدرت کا ایک منفرد منظر دیکھنے کو ملے گا۔ ڈبلو ڈبلو ایف کے مطابق ماہی گیری کی کشتی کے کپتان امیر داد خان نے گوادر کے ویسٹ بے میں اپنی کشتی کے قریب 500 سے زائد ڈولفن کو پانی میں اچھلتے ہوئے دیکھا ۔
بوتل ناک ڈولفن انڈوپیسفیک کے گرم پانیوں میں پائی جاتی ہیں۔ ان کا مسکن مغربی بحرالکاہل اور بحر ہند کے ساحلی علاقے ہیں، جن میں پاکستان کے ساحلی پانی بھی شامل ہیں۔ یہ ڈولفن کبھی کبھار جھیلوں، خلیجوں اور دریائے سندھ کے دہانے کے قریب بھی دیکھی جاتی ہیں۔
گوادر کے کم گہرے پانیوں میں ڈولفن کے اتنے بڑے غول کی موجودگی بلوچستان کے ساحلی ماحولیاتی نظام اور حیاتیاتی تنوع کے لیے ایک حوصلہ افزا اشارہ ہے۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے مطابق، پاکستان کے ساحلی اور گہرے سمندری پانیوں میں وہیل اور ڈولفن سمیت سمندری ممالیہ کی 26 اقسام ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔ ادارہ ان جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرتا ہے اور انہیں محفوظ قرار دینے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر قانون سازی میں بھی کردار ادا کر چکا ہے۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان ماہی گیروں اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ مل کر ماہی گیری کی سرگرمیوں اور سمندری ممالیہ کے درمیان تصادم کے خطرات کم کرنے کے لیے بھی کام کرتا ہے۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے تکنیکی مشیر محمد معظم خان کے مطابق، گوادر کے ویسٹ بے میں انڈو پیسیفک بوتل ناک ڈولفن کی بڑی تعداد میں موجودگی حیاتیاتی تنوع اور ساحلی و گہرے سمندر میں صحت مند غذائی زنجیر کی حوصلہ افزا علامت ہے۔