پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2027 کی نیلامی میں شرکت سے متعلق خبروں کو مسترد کردیا ہے۔
کل جیو سمیت کئی ویب سائٹ نے بھارتی میڈیا اور کرکٹ حلقوں کے حوالے سے بتایا تھا کہ محمد عامرنے آئی پی ایل کی آئندہ نیلامی میں بطور برطانوی کھلاڑی اپنا نام رجسٹر کراسکتے ہیں۔یاد رہے کہ اب وہ پاکستانی شہریت کے ساتھ ساتھ برطانیہ کے بھی شہری ہیں ۔
ان خبروں نے اس وقت زور پکڑا جب محمد عامر نے افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) کے ڈرافٹ میں برطانوی شہری کی حیثیت سے رجسٹریشن کرائی۔ انہیں ڈرافٹ میں پلاٹینم کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے،
تاہم محمد عامر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے لکھا کہ ’’سب کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ آئی پی ایل سے متعلق گردش کرنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔‘‘
محمد عامر نے مئی 2026 میں برطانوی شہریت حاصل کی تھی، جس کے بعد وہ انگلینڈ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں مقامی کھلاڑی کی حیثیت سے کھیل رہے ہیں۔ وہ ٹی 20 بلاسٹ اور دی ہنڈریڈ جیسے مقابلوں میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق پاکستانی آل راؤنڈر اظہر محمود بھی برطانوی شہریت کی بنیاد پر 2012 سے 2015 کے دوران آئی پی ایل میں کنگز الیون پنجاب اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ پاکستانی کھلاڑی 2008 کے بعد سے آئی پی ایل میں شرکت نہیں کرسکے۔
محمد عامر نے پاکستان کی جانب سے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ انہوں نے 2024 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
آئی پی ایل 2027 کی منی نیلامی 16 دسمبر کو بھارتی شہر گوا میں شیڈول ہے۔ محمد عامر کے تازہ بیان کے بعد آئندہ ایونٹ میں ان کی شرکت سے متعلق قیاس آرائیوں کی تردید ہوگئی ہے۔
#MohammadAmir#IPL2027#DoKhabar
See less