برطانیوی میڈیا کے مطابق یمن کے حوثی گروپ انصار اللہ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سعودی دارالحکومت ریاض میں شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا ہے۔
حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع کے مطابق آئل پائپ لائن کے پمپنگ اسٹیشن نمبر 5 اور 6 پر بھی ڈرون حملے کیے گئے۔
دوسری جانب سعودی زیرِ قیادت اتحاد کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے ریاض کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کر دیے، جبکہ مکہ اور مدینہ کی جانب آنے والے تین ڈرونز بھی مار گرائے گئے۔
اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی نے حوثیوں پر مکہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کا الزام عائد کیا، تاہم یحییٰ سریع نے اس الزام کو مسترد کر دیا۔حوثی ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ سعودی اتحاد نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے مختلف علاقوں میں 75 حملے کیے، جن میں عام شہری ہلاک اورزخمی ہوئے۔
سعودی حکام نے ریاض ایئرپورٹ اور آئل پائپ لائن پر حملوں کے حوثی دعوے کی تاحال تصدیق یا تردید نہیں کحوثیوں کے مطابق کشیدگی کے آغاز سے اب تک یمن میں سعودی فضائی حملوں کی تعداد 5 ہزار 95 ہو چکی ہے۔
یاد رہے 10 گھنٹے پہلےہی یمن میں فوج نے ایک بڑی پیش رفت کی تھی ۔یمنی افواج نے باب المندب آبنائے کے قریب واقع علاقوں سے انخلا کا اعلان کر دیا ہے۔ فورسز کے مطابق اب توجہ جنوبی شہر عدن کے دفاع پر مرکوز کی جائے گی۔
حکومتی فورسز کے بیان کے مطابق تعز صوبے کے مغربی حصے میں واقع ذباب ایئرپورٹ اور باب المندب کے علاقے سے فوجی دستے منتقل کیے جا رہے ہیں۔
اس پیش رفت کے ساتھ بحیرہ احمر کے داخلی راستے کے قریب ساحلی علاقوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کے لیے جاری چھ ہفتوں کی جوابی کارروائی بھی ختم ہو گئی ہے۔
مقامی خبروں کے مطابق حوثیوں کی پیش قدمی کے بعد حکومتی فورسز کو ان علاقوں سے پسپائی اختیار کرنا پڑی۔ اس پیش رفت کو سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے لیے ایک اہم دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
یمن کی حکومتی فورسز 2015 میں حوثیوں کے دارالحکومت صنعا پر قبضے کے بعد سے جنوبی شہر عدن میں قائم ہیں۔انخلا کے بعد عدن کی سکیورٹی اور حوثیوں کی ممکنہ پیش قدمی سے متعلق خدشات سامنے آئے ہیں۔