وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ احسن اقبال صوبہ نہیں بنا سکتے، وہ پہلے ایم پی اے بن جائیں اور پھر آکر صوبے بنوا لیں۔ نئے صوبے کے قیام کے لیے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں پہلے بھی لسانی تقسیم کی کوششیں کی گئیں، جس کے نتیجے میں فسادات اور خونریزی ہوئی۔ کیا کراچی میں پہلے خونریزی نہیں ہوئی؟ لوگوں کو لڑانے کی کوشش کی گئی تھی۔
27ویں آئینی ترمیم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی گفتگو مخصوص نشستوں کے تناظر میں تھی، اسے کسی اور تناظر میں دیکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں سے ہم بھی مستفید ہوئے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے مخصوص نشستوں کی حقیقت بیان کی تھی۔ ان کی گفتگو کو اسی تناظر میں سمجھنا چاہیے۔ ان نشستوں کے بغیر 27ویں آئینی ترمیم ممکن نہیں تھی، یہ زبردستی کی گئی تھی۔
ملازمتوں کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ کا مؤقف
سرکاری ملازمتوں میں میرٹ سے متعلق سوال پر مراد علی شاہ نے کہا کہ ملازمت کا ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد میرٹ آرڈر بنتا ہے۔ سکھر آئی بی اے ایک معتبر ادارہ ہے اور جتنی آسامیاں ہوتی ہیں، اسی کے مطابق میرٹ پر تقرریاں کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں میرٹ پر نوکریاں دی جا رہی ہیں۔ احتجاج کرنے والوں سے کہوں گا کہ مزید ملازمتیں بھی آئیں گی، وہ درخواستیں جمع کرائیں۔