جانیں ماہر نسواں طاہر کاظمی کے قلم سے ۔ طاہر خواتین کی صحت پر کھل کر لکھتی ہیں ۔ ماہر نسواں ہونے اور پیچیدہ صحت کے مسائل پر آگاہی فراہم کرنا طاہر کا بنیادی کام ہے۔
آج کے مضمون میں جانئیں مینوپاز کےاثرات سے کیسے نکلیں اور خواتین اپنے صحت کے مسائل سے کیسے نمٹیں ۔طاہرکا مقصد بنیادی طور پر یہ ہی ہے کہ ان کی زندگیوں کا محفوظ اور توانا بنایا جائے ۔ یہاں ہم ان کی تحرریوں کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں
ایچ آر ٹی یعنی ایسٹروجن پروجیسٹرون نہ تو ملٹی وٹامن ہیں نہ پیناڈول کی گولی کہ ہم نے بتائی اور آپ نے کھائی …یہ صرف اور صرف نسخہ جاتی دوائیں ہیں اور سن لیجیے کہ ان کے سائیڈ ایفکٹس بھی ہیں …( چھاتی کا کینسر ہونے کے رسک میں اضافہ ، ہائی بلڈ پریشر ، بلڈ کلاٹس) ۔ لیکن ہمارا کہنا یہ ہے کہ ان کے ایفکٹس اتنے زیادہ اور زبردست ہیں کہ سائیڈ ایفکٹس کے لیے مانیٹرنگ کی جا سکتی ہے ۔ بالکل ویسے ہی جیسے گاڑی چلانے کا سائیڈ ایفیکٹ ایکسڈینٹ ہے لیکن اس سائیڈ ایفکٹ کے باوجود ہم گاڑی میں سفر کرتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ کوئی ایسی بات نہ ہو جس سے ایکسڈینٹ ہو ۔
اگلی بات یہ کہ اگر آپ کا وزن زیادہ ہے ، ورزش آپ نہیں کرتیں ، کولیسٹرول ہائی ہے ، شوگر اور بلڈ پریشر کنٹرول میں نہیں تو ایچ آڑ ٹی سے پہلے آپ کو ان سب سے نمٹنا ہے ۔ وہ سب کھانے جو آج آپ تک کھاتی آئی ہیں … ان کی طرف سے منہ موڑیے اور سمجھیے کہ آپ کی آج ہی ایک نئی دنیا میں آمد ہوئی ہے اور اس نئی دنیا کے طور طریقے آپ کو سیکھنے ہیں ۔ روٹی ، چاول ، میٹھا ، مشروبات اور جنک فوڈ کی بجائے آپ کو سلاد ، گرل ہوئی سبزیوں ، ابلے ہوئےانڈوں اور دہی سے پیٹ بھرنا ہے ، جتنا چاہے کھائیں …جیب میں طاقت ہو تو کچھ مرغی مچھلی بھی۔ تلی ہوئی چیزوں سے بھی پرہیز رکھنا ہے … سموسے پکوڑے اور اس قبیلے کی سب چیزیں آپ کے اندر وہ کچھ ڈالتی ہیں جس کا تاوان آپ برسوں ادا کرتے رہتے ہیں ۔ایک خاص سبزی سویا ہے … جتنی زیادہ کھائیں گی ، جسم میں اتنی ہی طاقت آئے گی … لیکن یاد رکھیں گرل Grill کی ہوئی ۔روزانہ دس ہزار قدم واک کرنی ہے ، ایک لٹر کی بوتل پکڑ کر ورزش کرنی ہے .. یوٹیوب پہ بہت سی ورزشیں مل جائیں گی ۔ ریلز دیکھنے کی بجائے کتابیں پڑھنی اور فلمیں دیکھنی ہیں ۔ کوئی نیا ہنر ، کوئی نئی زبان سیکھنی ہے ۔

اگر سب گھر والوں کی صحت کا خیال رکھنا ہے تو گھر میں آئل / گھی / مکھن اور چینی کا داخلہ کم سے کم کر دیں .. یہ آئل / گھی چاہے جس بھی قسم کا ہو ، شریانوں کو تنگ کرتا ہے اور آپ کو بلڈپریشر میں مبتلا کرتا ہے ۔ ساتھ میں چربی کا ڈھیر بھی جسم میں جمع ہوتا ہے ۔ اور ہاں کڑک چائے ، ملک شیکس اور سمودھیز بھی ان چیزوں میں شامل ہیں جن کی طرف سے آپ نے ہاتھ کھینچنا ہے ۔ ہم فیس بک پہ مختلف گروپس میں دیکھتے رہتے ہیں کہ ہر طبقے سے تعلق رکھنے والی خاتون کیسے شاپنگ کرتی ہے لیکن صحت کے متعلق عمومی رویہ یہ ہے کہ اس پہ پیسے کیوں لگائے جائیں ؟
ایچ آرٹی لینی ہو تو نہ صرف ابتدائی معلومات کے لیے ڈاکٹر کی رہنمائی بلکہ مانیٹرنگ کے لیے بھی ایکسپرٹ ڈاکٹر کی ضرورت ہے ۔ سب سے اہم ٹیسٹ میمو گرافی ہے جو پچاس کے بعد ہر برس ہونا چاہیے اور اس میں چھاتی کے کینسر کی ابتدائی مراحل پہ تشخیص ہوتی ہے ۔ سرکاری ہسپتالوں میں یہ سہولت ہوتی ہے ۔ دوسرا ٹیسٹ بچے دانی سے متعلق ہے ۔ اگر ایچ آرٹی لیں گے تو بچے دانی کی مانیٹرنگ ضروری ہے ، جس کے لیے الٹرا ساؤنڈ ، اور مائیرینا کا استعمال ضروری ہے ۔ تیسرا ٹیسٹ جگر اور کولیسٹرول کا ہو گا ۔ LFT ، Lipid Profile آسٹیوپروسس کے لیے بون منرل ڈینسٹی BMD کروانی بہت ضروری ہے تاکہ آپ کولہے کے فریکچر سے بچ سکیں جو آپ کو بستر پہ ڈال سکتا ہے ۔ وٹامن ڈی کا لیول بھی چیک کروانا ہے ۔ اور سب سے اہم بات ایچ آرٹی یعنی ایسٹروجن ، پروجیسٹرون گولیوں کی صورت میں ہر گز استعمال نہیں کرنی ، یہ جگر پہ برا اثر ڈالیں گی ۔ بہترین ایچ آر ٹی جیل اور پیچز کی شکل میں ملتی ہے ۔
ہم نے ہمیشہ یہ بات کی ہے کہ ایچ آرٹی کا استعمال آسان بات نہیں لیکن زندگی میں کچھ بھی آسان نہیں ۔ آپ آغاز کریں ، وزن کم کرنے سے ، ورزش کرنے سے ، خوراک میں تبدیلی لاکر … اور اس کے بعد … اس کے بعد ہم ہیں نا …پچاس کے بعد بیس ، تیس ، پینتیس برس اگر جینا ہے تو اسے رو رو کر مت گزاریے ۔
